کاروار:26/ جولائی(ایس او نیوز)امسال ڈسمبر11-12اور 13تواریخ کو کاروار میں ’’ کراولی اتسوا‘‘منایاجائے گا جبکہ آئندہ سال فروری میں کدمبا اُتسوا منایاجائے گا۔ اس بات کا اعلان بھاری اوردرمیانی وزیرصنعت اوراُترکنڑا کے ضلع نگراں کار وزیر آر وی دیش پانڈے نے کیا
کراولی اتسوا اور کدمبا اتسوا منانے کے سلسلے میں منعقد کی گئی میٹنگ کے بعد وزیر موصوف پریس کانفرنس میں بات کررہے تھے۔ انہوں نے بتایا کہ گذشتہ سال خشک سالی کی وجہ سے کراولی اتسوا اور کدمبااتسوا منانا ممکن نہیں ہواتھا، مگراس مرتبہ ماہِ ڈسمبر میں سہ روزہ کراولی اتسوا کاروار میں منایا جائے گا، اسی طرح ڈسمبر کے پہلے ہفتہ میں منڈگوڈ اور جوئیڈ ا میں متوازی اتسوا منایاجائے گا۔ وزیر دیش پانڈے نے بتایا کہ کراولی اتسوا بہت ہی شاندار پیمانے پر منایا جائے گا۔ جس میں مختلف کھیل اورثقافتی مقابلے نیز نمائش کا اہتمام کیا جائے گا۔ ثقافتی پروگرام کے لئے قومی اور ریاستی سطح کے فن کاروں کو دعوت دی جائے گی مگرانہوں نے واضح کیا کہ مقامی فن کاروں کو ترجیح دی جائے گی ، انہوں نے بتایا کہ اتسوا کی امداد کے لئے محکمہ کنڑا اور ثقافت اورمحکمہ سیاحت کو پروپوسل ارسال کرنے کہا ہے۔ مزید بتایا کہ گذشتہ دو کراولی اتسوا کے دوران تعلقہ سطح پر بھی اتسوا کو منعقد کیا گیا تھا۔ اسی طرح اس مرتبہ جوئیڈا اور منڈگوڈ میں اتسوامنایا جائے گا۔
فروری میں کدمبا اتسوا :دیش پانڈے نے بتایا کہ آئندہ سال کے ماہِ فروری میں کدمبا کے اہم مقام بنواسی میں دوروزہ ’’کدمبا اتسوا ‘‘بڑے پیمانے پر منایا جائے گا۔ اس کے لئے تیاری کرنا اور اتسوامیں ’’ پمپ ‘‘ایوارڈ دینا ہے۔ جس کے لئے کمیٹی تشکیل دی گئی ہے۔